چین-برطانیہ اقتصادی و تجارتی مشترکہ کمیٹی کے چودھویں اجلاس کا انعقاد
بیجنگ : چین کے وزیرتجارت وانگ وین تھاؤ اور برطانیہ کے وزیر برائے بزنس اینڈ ٹریڈ پیٹر کائل نے چین-برطانیہ اقتصادی و تجارتی مشترکہ کمیٹی کے چودھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ ہفتہ کے روز چینی میڈیا کے مطابق فریقین نے تجارت ، سرمایہ کاری، کثیرالجہتی ،دو طرفہ اور علاقائی امور پر تفصیلی بات چیت کی اور وسیع پیمانے پر اتفاق رائے حاصل کیا۔چینی وزیرتجارت وانگ وین تھاؤ نے کہا کہ چین – برطانیہ اقتصادی و تجارتی مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کا سات سال بعد انعقاد دونوں ممالک کے معاشی و تجارتی تعلقات کو گہرا کرنے کے لئے ایک ٹھوس اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین میں سرمایہ لگانے کے لیے مزید برطانوی کاروباری اداروں کا خیر مقدم کیا جائے گا ۔ چین برطانیہ سے درآمدات کو وسعت دے گا اور بر طانیہ میں سرمایہ کاری کرنے میں چینی کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ برطانیہ قانون کے مطابق چینی کاروباری اداروں کے قانونی حقوق کا تحفظ کرے گا۔ چینی وزیرتجارت کا کہنا تھا کہ چین برطانیہ کے ساتھ مل کر آزاد تجارت اور کثیرالجہتی تجارتی نظام کی حفاظت کرنا چاہتا ہے۔برطانیہ کے وزیر برائے بزنس اینڈ ٹریڈ پیٹر کائل نے کہا کہ برطانیہ چین کے ساتھ معاشی و تجارتی تعاون کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ا ور چینی مارکیٹ کے مواقعوں کو اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ چین کے ساتھ دو طرفہ سروس ٹریڈ کو وسعت دینے ، ایک دوسرے کے ملک میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے اور صنعتی تعاون کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے اور کثیرالجہتی تجارتی نظام کے تحفظ کرنے کے لیے مل کر کام کرے گا تا کہ عالمی تجارتی تنظیم کے فریم ورک میں رہ کر تعاون کو فروغ د یا جا سکے ۔فریقین نے اتفاق کیا کہ مستقبل میں چین-برطانیہ ڈبلیو ٹی او مشترکہ ورکنگ گروپ، ٹریڈ ریلیف اور تعاون کے میکانزم، اور سروس ٹریڈ ورکنگ گروپ کے اجلاس بلائے جائیں گے، چین-برطانیہ برآمدی کنٹرول ورکنگ گروپ کے کردار کو اچھی طرح سے استعمال کیا جائے گا ، دوہری استعمال والی اشیاء کی تجارت کو آسان بنایا جائے گا ، سرمایہ کاری کی پالیسی کے تبادلے اور تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا ، منصفانہ اور غیر امتیازی کاروباری ماحول پیدا کیا جائےگا ، نئی توانائی، ادویات، جدید مینوفیکچرنگ، مالیات اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنایا جائے گا ، مقامی اور کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کو وسعت دی جائے گی اور معیار کے شعبے میں تعاون کی مضبوطی کے ساتھ تکنیکی تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا ۔اجلاس کے دوران فریقین نے "چین-برطانیہ ڈبلیو ٹی او مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام ” اور "چین-برطانیہ تجارتی ریلیف کے تبادلے اور تعاون کے میکانزم کے قیام کے بارے میں مفاہمت کی یادداشت” پر دستخط کیے۔