امریکہ کے حالیہ منفی اقدامات نے چین کے مفادات کو نقصان پہنچایا ہے، چینی وزیر خا رجہ
بیجنگ () چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی اپنے امریکی ہم منصب مارکو روبیو کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت ہوئی۔جمعرات کے روز وانگ ای نے کہا کہ چین۔امریکہ تعلقات کو دونوں ممالک کے رہنماؤں کی اسٹریٹجک حکمت عملی کی رہنمائی پر مضبوطی سے عمل کرنا چاہیے اور دونوں رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر مکمل عمل درآمد کرنا چاہیے ۔ امریکہ کے حالیہ منفی اقدامات اور بیانات نے چین کے جائز حقوق اور مفادات کو نقصان پہنچایا ہے اور چین کے داخلی معاملات میں مداخلت کی ہے۔یہ چین۔امریکہ تعلقات کی بہتری اور ترقی کے لیے سازگار نہیں ہیں اور چین اس کی واضح طور پر مخالفت کرتا ہے۔خاص طور پر تائیوان جیسے چین کے مرکزی مفادات سے متعلق معاملات پر امریکہ کو اپنے قول و فعل میں احتیاط برتنی چاہیے ۔وانگ ای نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران چین اور امریکہ نے عسکریت پسندی اور فسطائیت کو شکست دینے کے لیے شانہ بشانہ جنگ لڑی۔ نئے دور میں بھی دونوں ممالک کو عالمی امن اور خوشحالی کے لیے تعاون کرتے ہوئے عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیے، اور بڑے ملک کی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔
دونوں فریقوں کا خیال ہے کہ یہ ٹیلی فونک بات چیت بروقت، ضروری اور نتیجہ خیز تھی۔ فریقین نے چین۔امریکہ تعلقات کے حوالے سے سربراہی سفارت کاری کے اسٹریٹجک رہنما کردار کو مزید موثر بنانے ، اختلافات سے مناسب طور پر نمٹنے ، عملی تعاون کی جستجو کرنے ، اور چین۔امریکہ تعلقات کی مستحکم ترقی کو آگے بڑھانے پر بھی زور دیا۔