چین سربیا کو ترقی کے راستے پر گامزن رہنے میں مدد فراہم کرتا ہے، چینی صدر
بیجنگ : چینی صدر شی جن پھنگ سے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں سربیا کے صدرالیگزینڈر ووچیچ نے ملاقات کی۔ سربیائی صدر جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ اور عالمی فاشسٹ مخالف جنگ کی فتح کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے چین تشریف لائے ہیں ۔
جمعرات کے روز شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ سربیا پہلا یورپی ملک ہے جس نے چین کے ساتھ نئے عہد میں ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کی ہے ، جو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی انفرادیت اور اعلیٰ معیار کی مکمل عکاسی کرتا ہے۔ ایک مضبوط دوست کی حیثیت سے چین سربیا کو قومی مفادات اور سماجی استحکام کے تحفظ اور اپنے قومی حالات کے مطابق ایک کامیاب ترقی کے راستے پر گامزن رہنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ فریقین کو ترقیاتی حکمت عملیوں کو مضبوط بنانا چاہئے اور چین سربیا تعلقات کی مسلسل ترقی کو فروغ دینا چاہئے۔
الیگزینڈر ووچیچ نے کہا کہ سربیا مشکل وقت میں چین کی جانب سے فراہم کردہ قابل قدر حمایت اور مدد کو کبھی فراموش نہیں کرے گا اور چین کے بنیادی مفادات سے متعلق تمام امور پر چین کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ گلوبل گورننس انیشی ایٹو عالمی گورننس سسٹم کی اصلاح اور بہتری کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے ، اور سربیا اس کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ سربیا ،چین کے ساتھ عملی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے ، اور سربیا میں سرمایہ کاری کے لئے چینی کاروباری اداروں کا خیرمقدم کرتا ہے۔