چین شمالی کوریا کی ترقی کی راہ پر گامزن رہنے کی حمایت جاری رکھے گا، چینی صدر
بیجنگ : چینی صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ کی فتح کی اسیویں سالگرہ کی یادگاری تقریبات میں شرکت کے لئے چین میں موجود شمالی کوریا کی ورکرز پارٹی کے جنرل سیکریٹری اور ریاستی کونسل کے چیئرمین کم جونگ اُن کے ساتھ بات چیت کی۔جمعرات کے روزشی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ جنرل سیکریٹری کم جونگ اُن کی جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ کی فتح کی اسیویں سالگرہ کی یادگاری تقریبات میں شرکت، دوسری جنگ عظیم کی کامیابیوں کے تحفظ کے لئے شمالی کوریا کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ سی پی سی اور چینی حکومت چین اور شمالی کوریا کے درمیان روایتی دوستی کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ چین ہمیشہ کی طرح شمالی کوریا کی اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن رہنے کی حمایت جاری رکھے گا اور شمالی کوریا کے ساتھ ہر سطح پر قریبی رابطوں اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کا خواہاں ہے۔ جزیرہ نما کوریا کے معاملے پر چین نے ہمیشہ ایک معروضی اور غیر جانبدارانہ موقف اپنایا ہے اور شمالی کوریا کے ساتھ ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور جزیرہ نما کوریا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے اپنی پوری کوشش جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
کم جونگ اُن نے کہا کہ چاہے بین الاقوامی صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں رونما کیوں نہ ہوں ، شمالی کوریا اور چین کے مابین دوستی میں کوئی فرق نہیں آئے گا اور شمالی کوریا چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو گہرا کرنے اورفروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔ شمالی کوریا تائیوان، شی زانگ اور سنکیانگ جیسے چین کے مرکزی مفادات سے متعلق معاملات میں چین کے موقف کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور شمالی کوریا کے سوشلسٹ نصب العین کے لیے چین کی طویل مدتی اور مضبوط حمایت پر شکریہ ادا کرتا ہے۔شمالی کوریا دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند اقتصادی و تجارتی تعاون کو گہرا کرنے اور مزید ثمرات لانے کا خواہاں ہے۔ شمالی کوریا جزیرہ نما کوریا کے معاملے پر چین کے غیر جانبدارانہ موقف کو سراہتا ہے۔اسی شام شی جن پھنگ نے کم جونگ اُن کے اعزاز میں چائے اور ضیافت کا اہتمام کیا۔