ایس سی او نے علاقائی تعاون کے نئے اتفاق رائے متحرک کیا،وزیر اعظم شہباز شریف
چینی قیادت نے عالمی ترقی کے نئے باب کا آغاز کیا، انٹر ویو میں اظہار خیال
اسلام آ باد ()
چین کے ساحلی شہر تھیانجن میں پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے چائنا میڈیا گروپ کو ایک خصوصی انٹرویو کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اور چینی قیادت کی بہت تعریف کی۔ ان کی تقریر نہ صرف شنگھائی تعاون تنظیم کے ایک رکن ملک کی حیثیت سے پاکستان کے مثالی موقف کی عکاسی کرتی ہے، بلکہ یہ جنوبی ایشیا اور متعلقہ علاقوں کی ترقی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اہم کردار اور چینی رہنما کی دور اندیشی کے دنیا پر مثبت اثر کو بھی واضح کرتی ہے۔ وزیراعظم نے انٹرویو میں کہا کہ وہ وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور دیگر علاقوں کے تعاون کو مضبوط بنانے اور یوریشیا میں باہمی روابط کو بڑھانے کی توقع کرتے ہیں ۔انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ SCO سمٹ سے ‘شنگھائی سپرٹ’ کو مزید فروغ ملے گا ، اور انہیں اعتماد ہے کہ صدر شی جن پھنگ کی زیر صدارت یہ سربراہی اجلاس بھرپور نتائج کا حامل ہوگا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایس سی او کا رکن اور چین کا ایک قریبی دوست ہونے کے ناطے، پاکستان اس سربراہی اجلاس کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پوری کوشش کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خاص طور پر زور دیا کہ ایس سی او یوریشین باہمی روابط کو مضبوط بنانے میں ایک منفرد کردار ادا کرتا ہے۔ جنوبی ایشیائی ممالک کے لیے، ایس سی او نہ صرف ایک سلامتی تعاون کا پلیٹ فارم ہے، بلکہ یہ اقتصادی انضمام، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور علاقائی یکجہتی کو فروغ دینے کا ایک اہم میکانزم بھی ہے۔
جنوبی ایشیائی خطہ یوریشین براعظم کے سنگم پر واقع ہے، جس کی جغرافیائی اسٹریٹیجک اہمیت نمایاں ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ خطہ دہشت گردی کے خطرات، اقتصادی عدم توازن اور ترقی میں تاخیر جیسے متعدد چیلنجز کا بھی سامنا کر رہا ہے۔ SCO کے کثیر جہتی تعاون کے میکانزم کے ذریعے جنوبی ایشیائی ممالک کو مشترکہ سلامتی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور ترقی کے مواقع شیئر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے۔ پاکستان، بحیثیت جنوبی ایشیا کے ایک اہم ملک، SCO کے تعاون کے فریم ورک میں حصہ لے کر نہ صرف اپنی معیشت کو فروغ دے رہا ہے، بلکہ خطے کے استحکام اور خوشحالی میں نئی قوت بھی ڈال رہا ہے۔
SCO نے توانائی، نقل و حمل، ڈیجیٹل معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر جنوبی ایشیائی ممالک کے لیے حقیقی ترقیاتی فوائد مہیا کیے ہیں ۔ 2025 کے سربراہی اجلاس نے ‘شنگھائی سپرٹ’ کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کر کے رکن ممالک کے درمیان پالیسی ہم آہنگی اور وسائل کے انضمام کے مزید فروغ اور جنوبی ایشیائی خطے کی ترقی کے لیے وسیع گنجائش فراہم کی ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی انٹرویو میں صدر شی جن پھنگ کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک "بہت دور اندیش رہنما” قرار دیا۔ یہ تعریف نہ صرف چینی رہنما کی انفرادی حیثیت سے پہچان ہے، بلکہ چین کی ترقی کی طرز اور بین الاقوامی شراکت کی تصدیق بھی ہے۔ صدر شی جن پھنگ کی قیادت میں، چین نے نہ صرف اپنی معیشت میں ایک بڑی جست کے طور پر ترقی حاصل کی ہے، بلکہ عالمی حکمرانی میں حصہ لے کر انسانی ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو بھی آگے بڑھایا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خاص طور پر کہا کہ صدر شی جن پھنگ کی قیادت میں چین نے غربت کے خاتمے کی جنگ میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس کامیابی کے حصول کے لیے "دور اندیشی، غیر معمولی دانشمندی، اور مسلسل کوششوں” کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کے غربت کے خلاف اقدامات نہ صرف چینی عوام کے لیے فائدہ مند ہیں، بلکہ ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک قابل تقلید نمونہ بھی پیش کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ، صدر شی جن پھنگ کے پیش کردہ کثیرالجہتی نظریات نے عالمی حکمرانی میں نئی جان ڈالی ہے۔ یکطرفہ پسندی اور تحفظ پسندی کے ابھرنے کے پس منظر میں، چین ہمیشہ پرامن ترقی، تعاون اور جیت جیت کے اصولوں پر قائم رہا ہے، اور SCO، BRICS اور دیگر کثیرالجہتی پلیٹ فارمز کے ذریعے بین الاقوامی نظم کو زیادہ منصفانہ اور معقول سمت میں آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ حقیقی معنوں میں کثیرالجہتی پر یقین رکھتے ہیں، اور مشترکہ خوشحالی کے تصور پر عمل پیرا ہیں، جس نے چین کو دنیا میں امن اور ترقی کو برقرار رکھنے والی ایک اہم طاقت بنا دیا ہے۔
بلاشبہ، SCO، انسانی ہم نصیب معاشرے کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کا ایک اہم پلیٹ فارم اور عالمی کثیرالجہتی کے لئے نیا بینچ مارک بن رہا ہے۔ یقین ہے کہ تھیانجن سمٹ رکن ممالک کے درمیان اتفاق رائے کو مزید مضبوط کرے گی، اور یوریشین باہمی روابط اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دے گی۔ جنوبی ایشیائی ممالک کے لیے، SCO کے تعاون میں حصہ لینے کا مطلب ہے زیادہ ترقی کے مواقع اور ایک وسیع بین الاقوامی پلیٹ فارم۔ وزیراعظم شہباز شریف کے خیالات بین الاقوامی برادری کی جانب سے SCO اور چینی قیادت کی اعلیٰ سطح کی پہچان کی عکاسی کرتے ہیں ۔ مستقبل میں، SCO ‘شنگھائی سپرٹ’ کو فروغ دینا جاری رکھے گی، اور جنوبی ایشیا اور متعلقہ خطوں کے ممالک کی سلامتی اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ جبکہ چینی قیادت کی دور اندیشی اور عزم دنیا کے امن اور ترقی میں زیادہ یقین فراہم کرے گی اور انسانی ہم نصیب معاشرے کو تصور سے حقیقت کی جانب لے جائے گی۔