ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ میں فیگی کی فارم عروج پر

0


دبئی : متحدہ عرب امارات کے ابھرتے ہوئے بلے باز جوناتھن فیگی نے ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی قومی ٹیم میں واپسی کی امیدیں روشن کر دی ہیں۔ 24 سالہ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے چار میچز میں 180 رنز بنائے جن میں تین نصف سنچریاں شامل ہیں، جس کی بدولت ان کی ٹیم گلف جائنٹس ڈویلپمنٹ نے چار میں سے دو میچز میں کامیابی حاصل کی۔

فیگی جو پہلے ہی متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کر چکے ہیں اور دو ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کے ساتھ ساتھ یو اے ای کے واحد انڈر 19 ورلڈ کپ سنچورین ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں، نے اپنی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا:چار میچز میں تین نصف سنچریاں بنانا خوشی کی بات ہے، خاص طور پر سخت بولنگ اٹیک کے خلاف۔ حالات آسان نہیں تھے، روشنیوں میں گیند حرکت کر رہی تھی اور اسپنرز کے لیے بھی مدد تھی، لیکن میں نے خود کو ڈھالا اور نتیجہ مل رہا ہے

۔ امید ہے بڑی اننگز کھیلتا رہوں گا۔”فیگی نے کہا کہ آئی ایل ٹی 20 ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت دکھانے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، خصوصاً اس وقت جب ایشیا کپ 2025 کے فوراً بعد آئی ایل ٹی 20 سیزن 4 پلیئر آکشن ہونا ہے۔میری خواہش ہے کہ میں آئی ایل ٹی 20 میں کھیلوں اور دنیا کے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اتر کر اپنے کھیل کو مزید نکھاروں۔ لیکن سب سے بڑی ترجیح یو اے ای کی قومی ٹیم میں واپسی ہے، کیونکہ ملک کے لیے کھیلنا سب سے بڑا اعزاز ہے۔”متحدہ عرب امارات میں پیدا اور پروان چڑھنے والے فیگی نے کہا کہ وہ قومی جرسی کو دوبارہ زیب تن کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ ٹورنامنٹ نہ صرف مقامی کھلاڑیوں کو نمایاں کرتا ہے بلکہ انہیں بین الاقوامی معیار کے مقابلے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ ہمارے لیے ایکسپوژر اور موقع ہے۔ ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے شاندار انداز میں مقامی کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔ یہاں کی کارکردگی نہ صرف فرنچائز کرکٹ کے دروازے کھول سکتی ہے بلکہ قومی ٹیم میں واپسی کی راہیں بھی ہموار کر سکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.