چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ کا بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کیخلاف کیس سننے سے انکار

0


اسلام آباد :سپریم کورٹ میں بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں کی نیلامی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں بینچ نے درخواست سننے سے انکار کر دیا۔

چیف جسٹس نے بحریہ ٹاؤن کی جائیدادوں نیلامی کے خلاف درخواست کو پرانے بینچ کے پاس بھجواتے ہوئے ریمارکس دیے کہ مناسب ہوگا کہ یہ کیس پرانا بینچ ہی سنے۔

بحریہ ٹاؤن کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ آگیا ہے، تفصیلی فیصلے پر بحریہ کی طرف سے اضافی معروضات جمع کراؤں گا۔

عدالت عظمیٰ نے بحریہ ٹاؤن کے وکیل اضافی معروضات جمع کرانے کی اجازت دے دی، بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
یاد رہے کہ 8 اگست کو سپریم کورٹ کے ایک جج نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے زین ملک کے خلاف 6 ریفرنسز زیرِ التوا ہونے کے باوجود بحریہ ٹاؤن کی 6 جائیدادوں کی نیلامی میں جلد بازی پر سوال اٹھایا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ احتساب عدالت نے ان ریفرنسز پر فیصلہ کرنا تھا کہ اگر ملزم کو مجرم قرار دیا جاتا ہے تو جائیداد ضبط کی جائے گی یا نہیں۔

جسٹس نعیم اختر افغان (جو 3 رکنی بینچ کے رکن ہیں) نے ریمارکس دیے تھے کہ جب زین ملک اور نیب کے درمیان اگست 2020 میں طے پانے والے پلی بارگین (معاہدے) کو ختم کرنے کے لیے درخواستیں دائر کی گئیں، تو ملزم کے خلاف ریفرنسز دوبارہ ابتدائی مرحلے پر آ گئے۔

سپریم کورٹ کا یہ بینچ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 4 اگست کے مختصر حکم کے خلاف اپیل کی سماعت کر رہا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.