پہلگام حملہ کرنے والے بھارتی، پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں: پی چدمبرم
پہلگام حملے کے دہشت گرد پاکستانی نہیں بھارتی تھے، سابق وزیر داخلہ چدمبرم کا تہلکہ خیز انکشاف
بھارت کے سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم نے کہا ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے، حملہ آور بھارتی ہیں۔
کانگریسی رہنما پی کے چدمبرم نے مودی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آخر بھارتی حکومت یہ کیوں سمجھتی ہے کہ وہ پاکستان سے آئے ہیں، کیا حکومت نے ان کے پاکستانی ہونے کی شناخت کی؟
سابق بھارتی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حملہ کرنے والے دراصل بھارتی ہیں اور انہوں نے بھارت میں ہی دہشت گردی کی تربیت حاصل کی۔
آپریشن سندور پر پارلیمنٹ میں بحث کے دوران بی جے پی نے پی چدم برم کے بیان پر ہنگامہ کھڑا کر دیا، بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں نے سینئر کانگریسی رہنما کی جانب سے پہلگام پر پاکستان کو کلین چٹ دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مودی سرکار کا مؤقف دہرایا۔
اس سے پہلے بھی پی چدم برم نے بھارتی حکومت کے غزہ پر مؤقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انسانیت غزہ میں شرمسار ہے، ہر روز غزہ میں قتل ہونے والوں کی تعداد درجنوں میں ہوتی ہے، ان میں سے بہت سے عورتیں اور بچے ہوتے ہیں جن کا اس تنازع کے آغاز سے کوئی تعلق نہیں۔
ایکس پر انہوں نے لکھا کہ اقوامِ متحدہ کے مطابق مئی سے اب تک ایک ہزار سے زائد فلسطینی اس وقت مارے جا چکے ہیں جب وہ غزہ میں خوراک حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پناہ گزین کیمپوں میں بھوکے بچوں کی تصاویر دیکھیں، واضح ہے کہ وہ بھوک سے نڈھال ہیں اور مر رہے ہیں، دنیا سو رہی ہے، اور جب جاگتی ہے، تو اس کا ضمیر دفن ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے پہلگام واقعے کی ناصرف مذمت کی تھی بلکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے ہر ممکن تعاون بھی پیشکش بھی کی تھی لیکن مودی سرکار نے انکار کر دیا تھا۔
مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 شہری ہلاک ہوئے تھے۔