ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان،پاک بھارت ٹاکرا 14ستمبر کو ہو گا
راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے مینز ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے،پاک بھارت ٹاکرا 14ستمبر کو ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق یہ ایونٹ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہو گا۔ ٹورنامنٹ میں شامل آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ اے میں پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ مد مقابل ہوں گے۔ ایشیا کپ کا افتتاحی میچ 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا۔پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گا جبکہ سب سے زیادہ منتظر مقابلہ "پاک بھارت ٹاکرا” 14 ستمبر کو شیڈول ہے۔ پاکستان اپنا تیسرا گروپ میچ 17 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف کھیلے گا۔ ٹورنامنٹ کا سپر فور مرحلہ 20 ستمبر سے شروع ہو گا جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔