وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی مون سون کوآرڈی نیشن کانفرنس کا آغاز
اسلام آباد:وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون کوآرڈی نیشن کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ کانفرنس روزانہ کی بنیاد پر این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) میں منعقد کی جائے گی۔
کانفرنس میں پی ڈی ایم ایز، ڈی ڈی ایم ایز، محکمہ موسمیات، ریسکیو، سول ڈیفنس، محکمہ آبپاشی، پی ٹی اے سمیت متعدد متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ آج ہونے والی کانفرنس میں شہری و دریائی سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور گلاف (گلیشیئرز کے پھٹنے) جیسے ممکنہ خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
تمام اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ممکنہ خطرات کے مطابق بروقت اقدامات کریں اور مؤثر ردعمل کی حکمت عملی پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اداروں نے کانفرنس کے دوران اپنی تیاریوں، درپیش چیلنجز، مطلوبہ وسائل اور جاری سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات بھی پیش کیں۔
کانفرنس کا بنیادی مقصد تمام متعلقہ اداروں کے مابین مؤثر رابطہ، ہم آہنگی اور مشترکہ حکمت عملی کو فروغ دینا ہے، تاکہ مون سون سیزن کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے بارے میں پیشگی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ NEOC میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی یہ کانفرنس مون سون کے دوران خطرات سے بچاؤ اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔
این ڈی ایم اے سمیت تمام ادارے اس عزم کے ساتھ سرگرمِ عمل ہیں کہ عوام کی سلامتی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔