پی ٹی آئی 26 نومبر احتجاج کے 2 مقدمات کا ٹرائل مکمل، فیصلہ محفوظ

0

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پی ٹی آئی 26 نومبر احتجاج کے 2 مقدمات کا ٹرائل مکمل ہونے پر دونوں کیسز کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے کیسز کا فیصلہ محفوظ کیا جو کہ 23 جولائی کو سنایا جائے گا۔
پی ٹی آئی احتجاج پر دو مقدمات درج کیے گئے تھے، کیسز میں 22 جنوری اور 3 مارچ 2025 کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے الیاس صدیقی نے گواہان پر جرح کی۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر محمد عثمان رانا سرکار کی جانب سے بطور کونسل پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی وکلاء کی عدم دستیابی پر 2 دفعہ ٹرائل کورٹ نے اسٹیٹ کونسل مقرر کیے۔ بعدازاں، اپیل میں 2 دفعہ اسٹیٹ کونسل کے تقرر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا گیا۔

مقدمات تھانہ رمنا میں درج ہیں، تھانہ رمنا کے دونوں مقدمات میں مجموعی طور پر 80 سے زائد ملزمان ہیں اور ان مقدمات میں 70 سے زائد ملزمان اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں۔

دونوں مقدمات میں مجموعی طور پر 8 ملزمان کی حد تک ٹرائل مکمل ہوگیا اور عدالت کی جانب سے 8 ملزمان کی حد تک کیس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔

تھانہ رمنا کے مقدمہ نمبر 977 میں 12 اور 976 میں 13 گواہان نے بیانات ریکارڈ کروائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.