لائی چھنگ ڈے کی تقاریر جھوٹ اور فریب سے بھری ہوئی ہیں، چینی اسٹیٹ کونسل
بیجنگ: چین کی ریاستی کونسل کے تائیوان امور کے دفتر نے ایک رسمی پریس کانفرنس کی۔ لائی چھنگ ڈے کے نام نہاد "اتحاد پر دس لیکچرز” کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کےجواب میں ترجمان چھن بن ہوا نے کہا کہ لائی چھنگ ڈے کے نام نہاد “اتحاد کی دس تقاریر ” جھوٹ، فریب، دشمنی اور اشتعال انگیزی سے بھرے ہوئی ہیں۔ یہ دانستہ طور پر تاریخ کو مسخ اور تقسیم کرتی ہیں، بے ربط باتوں کو جوڑ کر "تائیوان کی علیحدگی ” کے گمراہ کن نظریات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتی ہیں اور آبنائے تائیوان کے دونوں کناروں کے درمیان اختلافات اور محاذ آرائی کو ہوا دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسی گمراہی اور فتنہ انگیزی ہے جو “تائیوان کی علیحدگی” کے غلط نظریات کا مجموعہ ہے اور تائیوان کے لوگوں کو بہکانے اور اکسانے کی ناکام کوشش ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس سے یہ پوری طرح واضح ہو جاتا ہے کہ لائی چھنگ ڈے کی “تائیوان کی علیحدگی” کی سوچ کسی طور بھی تبدیل نہیں ہوئی اور یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ بنیادی طور پر امن کو نقصان پہنچانے، جنگ کی آگ کو بھڑکانے اورمشکلات پیدا کرنے والا” شخص ہے۔چھن بن ہوا نے کہا کہ موجودہ وقت میں تائیوان کی صورتحال میں کشیدگی اور انتشار کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ڈی پی پی اور لائی چھنگ ڈے “تائیوان کی علیحدگی ” کے غلط مؤقف پر قائم ہیں اور اس مقصد کے لیے مسلسل اشتعال انگیز اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تائیوان چین کا اٹوٹ اور ناقابل تقسیم حصہ ہے اور ہم کسی بھی صورت تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کو کسی بھی نام یا کسی بھی طریقے سے تائیوان کو چین سے جدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مادر وطن کو تقسیم کرنے والی کسی بھی طاقت اور کارروائی کو پوری چینی قوم کی جانب سے سخت جواب اور زبردست مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔