مون سون کا زوردار سپیل، لاہور میں بارش کے باعث حادثات میں 10 افراد جاں بحق

0

لاہور: مون سون کا زوردار سپیل، لاہور میں موسلادھار بارش سے مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
لاہور اور گردونواح میں رات بھر وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش سے متعدد شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
واسا کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے پانی والا تالاب میں سب سے زیادہ 171 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 169 ملی میٹر، تاجپورہ میں 167 ملی میٹر، مغلپورہ میں 135، لکشمی چوک میں 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بادل خوب برسے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں ڈسکہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سانگلہ ہل، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، منچن آباد، بہاولنگر، پاکپتن، عارف والا، قصور اور فاروق آباد میں بھی جم کر بادل برسے، جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
پنجاب میں مون سون بارش اور آندھی سے حادثات میں 24 افراد جاں بحق جبکہ 92 زخمی ہوگئے۔
بارش کے باعث لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے گاؤں مرید وال میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 60 سالہ مانگا، 55 سالہ عشرت، 3 سالہ خدیجہ، 4 سالہ لطیفہ اور 35 سالہ رانی، جبکہ زخمیوں میں 30 سالہ فیصل اور 5 سالہ ببلی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ رائیونڈ کے علاقے مشن کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا، جبکہ ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے دم توڑ گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
ادھر چشتیاں میں مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر ماں بیٹا زخمی ہوگئے، پاکپتن میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، فیصل آباد کے علاقے رچنا ٹاؤن میں بارش کے باعث گھر کی خستہ حال چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر میاں بیوی جاں بحق ہوگئے، حادثے میں تینوں بچے محفوظ رہے۔
حویلی لکھا اور اوکاڑہ میں چھتیں گرنے سے 2 افراد جان سے چلے گئے، جامشورو میں بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے، رینالہ خورد میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، مون سون کا یہ سپیل 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.