چین اور بولیویا نے اہم امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی ہے، چینی صدر
بیجنگ : چینی صدر شی جن پھنگ اور بولیویا کے صدر لویس البرٹو کیٹاکورا نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔ بدھ کے روز اپنے پیغام میں شی جن پھنگ نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے گزشتہ 40 سالوں میں چین اور بولیویا نےدونوں ممالک کے مرکزی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی ہے، اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون میں وافر ثمرات حاصل کیے ہیں اور عوام کے درمیان دوستی کو گہرا کیا ہے۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ وہ چین بولیویا تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور وہ بولیویا کے صدر کے ساتھ مل کر روایتی دوستی جاری رکھتے ہوئے چین بولیویا اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندی تک لے جانےکی رہنمائی کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو بہتر فوائد پہنچائے جائیں۔ بولیویا کے صدر نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ گزشتہ 40 سالوں کے دوران بولیویا اور چین نے باہمی احترام، دوستی اور تعاون کی بنیاد پر مضبوط دوطرفہ تعلقات قائم کیے ہیں۔ بولیویا گلوبل ساؤتھ کو متحد کرنے، لاطینی امریکہ اور چین کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور ایک زیادہ منصفانہ، مساوی اور جامع بین الاقوامی نظام کی تعمیر میں چین کے قائدانہ کردار کو خراج تحسین پیش کرتاہے ۔ بولیویا دونوں عوام کے درمیان بھائی چارے کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔