رافیل بمقابلہ جے 10 سی عالمی دفاعی صنعت میں تبدیلی کا اشارہ بن گیا
پیرس :اس سال کا پیرس ایئر شو دھوم مچا رہا ہے، شو میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز وہ منظر ہے جہاں میزبان ملک فرانس کے "رافیل” لڑاکا طیارے کے اسٹال کے بالکل سامنے چین کے J-10C طیارے کی نمائش ہو رہی ہے۔ چین، پاکستان اور بھارت کے ناظرین اس منظر کی رمزیت فوراً سمجھ جائیں گے۔ واضح الفاظ میں کہوں تو بات یہ ہے کہ پاک فضائیہ کے مطابق ،حالیہ پاک-بھارت فضائی جنگ میں انہوں نے بھارتی فضائیہ کو 0-6 سے شکست دی تھی، اور "رافیل” کو مار گرانے والا پاک فضائیہ کا J-10C طیارہ ہی تھا۔ اب پیرس ایئر شو میں "رافیل” اور J-10C کا آمنے سامنے نمائش کرنا، اگر کوئی کہے کہ اس ترتیب میں کوئی خاص پیغام نہیں، تو کون یقین کرے گا؟ شاید واقعی کوئی خاص بات نہ ہو، لیکن یہ منظر انتہائی دلچسپ ضرور ہے۔پیر کے روز ایک میڈ یا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دراصل پاک-بھارت فضائی جنگ میں J-10C اور "رافیل” کا یہ مقابلہ محض ہتھیاروں کی صلاحیت کا مقابلہ نہیں رہا۔ اس جھڑپ کے پس منظر میں چینی دفاعی صنعت کا عروج نہ صرف خطے کے فوجی توازن کو گہرے طور پر متاثر کر رہا ہے، بلکہ پاکستان جیسے ممالک کو نئے مواقع اور ترقی کی راہیں بھی دکھا رہا ہے۔طویل عرصے سے عالمی فوجی سازوسامان کا بازار مغربی طاقتوں کے قبضے میں رہا ہے۔ فرانس کا "رافیل” طیارہ جدید ٹیکنالوجی اور شاندار کارکردگی کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ چینی دفاعی صنعت کی ترقی نے اس اجارہ داری کو توڑ دیا ہے۔ J-10C کی "رافیل” کے خلاف حقیقی جنگ میں فتح یہ ظاہر کرتی ہے کہ اب عالمی فوجی سازوسامان کے میدان میں ایک نیا طاقتور حریف موجود ہے۔پاکستان جیسے ممالک کے لیے یہ تبدیلی انتہائی اہم ہے۔ ماضی میں پاکستان کے پاس فوجی سازوسامان خریدنے کی محدود آپشنز تھیں۔ انہیں نہ صرف مغربی مصنوعات کی بلند قیمتوں کا سامنا تھا، بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی پر پابندیاں اور سیاسی شرائط بھی قبول کرنی پڑتی تھیں۔ اب چینی دفاعی صنعت نے پاکستان کو زیادہ قابل اعتماد اور خودمختار فوجی سازوسامان حاصل کرنے کا ذریعہ فراہم کیا ہے، جس سے وہ مغربی ممالک پر انحصار کم کرتے ہوئے اپنی دفاعی پالیسیوں میں زیادہ آزادی حاصل کر سکتا ہے۔چینی دفاعی صنعت کے عروج کا پاکستان کے لیے سب سے پہلا فائدہ یہ ہے کہ اس کی سلامتی کو مضبوط بنیادیں مل گئی ہیں۔ J-10C طیاروں کی بدولت پاک فضائیہ خطے میں کسی بھی فوجی خطرے کا بہتر مقابلہ کر سکتی ہے۔ یہ اعتماد نہ صرف طیاروں کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے ہے، بلکہ چینی دفاعی صنعت کی مضبوط تکنیکی مدد کی وجہ سے بھی ہے۔اس کے علاوہ چین اور پاکستان کے درمیان دفاعی شعبے میں گہرے تعاون نے پاکستانی دفاعی صنعت کو فروغ دیا ہے۔ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ پروڈکشن کے ذریعے پاکستان دفاعی مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر رہا ہے، جو اس کی طویل مدتی سلامتی کے لیے اہم ہے۔وسیع تر تناظر میں دیکھا جائے تو چینی دفاعی صنعت نے پاکستان جیسے ممالک کے لیے بین الاقوامی تعاون کا ایک نیا ماڈل پیش کیا ہے۔ چین فوجی سازوسامان کی برآمدات میں مساویانہ مفادات اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کے اصولوں پر کاربند ہے۔ اس تعاون سے پاکستان جیسے ممالک اپنی خودمختاری قائم رکھتے ہوئے دفاعی صلاحیت بڑھا سکتے ہیں۔مزید برآں، چینی دفاعی صنعت کی ترقی نے پاکستان جیسے ممالک کی معیشت کو بھی فائدہ پہنچایا ہے۔ فوجی ساز و سامان کی تجارت کے ساتھ وابستہ صنعتیں ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کرتی ہیں اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو فروغ دیتی ہیں۔پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے لیے چینی دفاعی صنعت کے عروج سے کئی سبق ملتے ہیں۔ ایک طرف تو ترقی پذیر ممالک کو مغرب پر انحصار کم کرتے ہوئے قابل اعتماد بین الاقوامی شراکت دار تلاش کرنے چاہئیں۔ دوسری طرف انہیں اپنی دفاعی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنی دفاعی ضروریات خود پوری کر سکیں۔پیرس ایئر شو میں J-10C اور "رافیل” کا رو برو ہونے کا منظر چینی دفاعی صنعت کے عروج کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہے۔ اس نے پاکستان جیسے ممالک کو بہتر دفاعی اختیارات دیئے ہیں، نئے مواقع فراہم کیے ہیں، اور بین الاقوامی تعاون کا ایک نیا نمونہ پیش کیا ہے۔ عالمی دفاعی صنعت کے توازن کی تبدیلی کے اس دور میں یہ تعاون مشترکہ کامیابیوں کی نئی داستانیں رقم کر رہا ہے۔