افواجِ پاکستان کی تاریخی فتح پر دنیا بھر میں جشن کا سماں
افواجِ پاکستان کی تاریخی فتح پر نہ صرف ملک بھر میں بلکہ دنیا کے مختلف حصوں میں بھی جشن کا سماں ہے۔ "معرکۂ مرصوص” میں دشمن کو منہ توڑ جواب دینے پر قوم کا جوش و خروش دیدنی ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستانی عوام اور مسلم دنیا میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
آذربائیجان میں شہریوں نے پاکستانی فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ریلیاں نکالیں اور خوشی منائی۔ ریلیوں میں شریک افراد نے پاکستانی پرچم اٹھا کر پاک افواج سے اپنی محبت کا بھرپور اظہار کیا۔
دوسری جانب برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بھی بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی سڑکوں پر نکل آئی۔ پاکستانی پرچموں سے سجی سڑکوں پر "پاکستان زندہ باد” کے نعرے گونج اٹھے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ فتح صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی فتح ہے۔
پاکستان کی شاندار کامیابی نے عوام کے دلوں میں نئی امید، جوش اور اتحاد کی فضا پیدا کر دی ہے۔ ملک بھر میں مٹھائیاں تقسیم کی جا رہی ہیں، جشن کا ماحول ہے، اور ہر زبان پر صرف ایک ہی نعرہ ہے: "پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد!”