وزیراعظم شہباز شریف سے حافظ نعیم الرحمن کا ٹیلیفونک رابطہ، بجلی کی قیمتوں میں کمی پر اظہار تشکر
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور بجلی کی قیمتوں میں کمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی ریلیف کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینا حکومت کا مشن ہے اور یہ مشن جاری رہے گا۔ اُنہوں نے کہا: "انشاء اللہ پاکستان کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔”
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری اور مظالم کی شدید مذمت کی اور بین الاقوامی برادری کی خاموشی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے تحت ہر بین الاقوامی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ ہم مظلوم فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مخالفت کرتے رہیں گے۔