ترک صدر رجب طیب اردوان کی وزیراعظم ہائوس آمد، فقید المثال استقبال
اسلام آباد:گزشتہ رات دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچنے والے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدر کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی شاہراہ دستور ترک اور پاکستانی پرچموں سے سجی ہوئی ہے، جہاں ترک صدر کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں ترک صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ ترک اور پاکستانی مسلح افواج کے دستے نے سلامی دی۔
صدر رجب طیب اردوان وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں وہ ایک یادگاری پودا بھی لگایا۔
دونوں رہنما اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل کے اجلاس میں اپنے اپنے وفود کی قیادت بھی کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہو گی۔
ترک صدر کے اعزاز میں پاکستان ایئر فورس کے پائلٹس فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کریں گے۔
ترک صدر کے استقبال کے لیے خصوصی نغمہ جاری
وزارت اطلاعات نے ترک صدر کے والہانہ استقبال کے لیے ایک خصوصی نغمہ جاری کر دیا ہے، جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تعلقات اور بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے۔
نغمے میں دونوں ممالک کی ثقافت اور تاریخی رشتے کو خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کی دھن اور بول نہایت دلکش اور جذباتی ہیں، جو سننے والوں میں ایک خاص جوش اور محبت کا احساس پیدا کرتے ہیں۔
یہ نغمہ ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔