جدید دور میں سکیورٹی چیلنجز میں ہائبرڈ وارفیئر، سائبر خطرات اور غیر روایتی جنگی حکمت عملی شامل ہیں،قائمقام صدر
اسلام آباد:قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم رہا ہے،اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات عالمی امن کے عزم کا ثبوت ہیں،
کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے زیر تربیت ملکی و غیر ملکی افسران سے ایوان صدر میں خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم رہا ہے،اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات عالمی امن کے عزم کا ثبوت ہیں،پیشہ ورانہ افسران سے مل کر فخر محسوس کر رہا ہوں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ برطانیہ، چین، ترکی، سعودی عرب سمیت متعدد دوست ممالک کے افسران کی موجودگی عالمی تعاون کی علامت ہے،کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ قیادت کی درسگاہ اور اسٹریٹجک ذہنوں کا مرکز ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جدید دور میں سیکیورٹی چیلنجز میں ہائبرڈ وارفیئر، سائبر خطرات اور غیر روایتی جنگی حکمت عملی شامل ہیں۔
قائم مقام صدرنے کہا کہ چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے جدت،موافقت اور دور اندیشی کو اختیار کریں،پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں کو جدید بنانے اور مسلح افواج کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور عوام کا اعتماد پاکستان کی اصل طاقت ہے،بین الاقوامی افسران کی موجودگی مختلف اقوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے۔قیادت کے بنیادی اصول دیانتداری، ہمت اور خدمت کو ہمیشہ برقرار رکھیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بین الاقوامی فوجی تعاون کے فروغ میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا کردار اہم ہے۔پاکستان اپنے افسران کی خدمات پر فخر کرتا ہے، عالمی برادری سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔