مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی بیٹھک: آئینی ترمیم کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ
اسلام آباد:جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے اسد قیصر کے گھر پہنچ گئے، جہاں سابق صدر عارف علوی، بیرسٹر گوہر علی اور رؤف حسن پہلے سے شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئینی ترمیم کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، ملاقات میں جے یو آئی ف اور پی ٹی آئی کے مابین اتحاد سمیت سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم بھی کچھ دیر میں اسد قیصر کی رہائش گاہ پہنچ جائے گی، قانون ٹیم بانی چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات پر شرکا کو اعتماد میں لے گی۔
مولانا فضل الرحمان کی اسد قیصر کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ اسد قیصر کی جانب سے ظہرانہ دیا گیا اس حوالے سے کیا کہیں گے، جس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہ مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ یہ میرے گھر پر اتنے کھانے کھا چکا ہے۔
اسد قیصر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر عارف علوی کے اعزاز میں ظہرانے کا انتظام کیا ہے۔ کوئی خاص بات نہیں ہے صرف سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی خاص بات نہیں ہے، آپس میں گپ شپ کریں گے۔ دیگر رہنما بھی آرہے ہیں اڈیالہ جیل سے نکل آئے ہیں۔