وزیراعظم سے بلوچستان میں گاڑی بچانے والے ایکسویٹر آپریٹر کی ملاقات، انعام سے نواز دیا
اسلام آباد:بلوچستان میں گاڑی بچانے والے ایکسویٹر آپریٹر محب اللہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے جبکہ انہوں نے محب اللہ کو 25 لاکھ روپے کے انعام سے نوازا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو بچانے والے محب اللہ کی وزیراعظم ہاؤس آمد ہوئی، جہاں شہبازشریف نے محب اللہ کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم نے کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر فخر ہے، آپ کے انسانیت سے محبت کے جذبے کی دل سے قدر کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آپ نے ہمت سے کام لے کر قیمتی انسانی جانیں بچائیں، آپ نے مصیبت میں گھرے لوگوں کو بچاکرقومی فریضہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے محب اللہ کی بہادری کے اعتراف میں انہیں 25 لاکھ روپے کے انعام سے بھی نوازا۔
وزیرِ اعظم نے محب اللہ کے بچوں کیلئے یونیورسٹی تک کی تعلیم مفت اور انکے خاندان کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔
محب اللہ نے کہا کہ اعزاز کی بات ہے کہ میں ملک کے وزیراعظم سے ملاقات کررہا ہوں۔کبھی سوچا نہ تھا کہ میری ملک کے وزیرِ اعظم نے ملاقات ہو گی،لوگوں کی جانیں بچاتے وقت قطعاً نہیں سوچا تھا کہ یہ بات پورے ملک میں مشہور ہو جائے گی،وزیرِ اعظم اور حکومت کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس اقدام کی پزیرائی کی اور میرے لئے اپنا قیمتی وقت نکالا،وزیرِ اعظم ہاؤس آمد پر وزیرِ اعظم کی جانب سے اتنی عزت ملنے پر دل سے مشکور ہوں۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، چیئر میں وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وزیرِ اعظم کی کوارڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم اور متعلقہ اعلی حکام شریک ہوئے ۔